نئی دہلی،2؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی کی ایک عدالت نے گذشتہ سال فروری میں شمالی مشرقی دہلی میں فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق ایک معاملے میں دوافرادکودوسرے مقدمات کی برابری پر ضمانت دی ہے۔
عدالت نے اس بات کا اعتراف کیا کہ چارج شیٹ داخل ہونے سے قبل چار شریک ملزمان کو ضمانت دی گئی تھی اور گذشتہ دو ماہ کے دوران چھ دیگر افراد کو ضمانت مل چکی ہے۔فسادات کے دوران تخریب کاری اور کار شو روم میں آگ لگانے اور برابر رقم ضمانت جمع کروانے سے متعلق کیس کے سلسلے میں ایڈیشنل سیشن جج ونود یادو نے کاشف اورواصف کوضمانت دی ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان مبینہ طور پر علاقے میں فسادات کے دیگر مقدمات میں ملوث تھے ، لیکن ان کے پاس موجودہ معاملے میں ضمانت سے انکار کی کوئی بنیادنہیں ہوسکتی ہے۔عدالت نے ملزمان کو ہدایت کی کہ وہ شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کریں اور آروگیہ سیتو ایپ کوموبائل فون پر انسٹال کریں۔ایڈووکیٹ ناصر علی نے دونوں ملزمان کی جانب سے کہاہے کہ انھیں اس کیس میں غلط طور پر پھنسایاگیاہے۔ انہوں نے دوسرے مقدمات سے اسی طرح کی بنیاد پر ضمانت طلب کی ہے۔